بہاولپورنے دوسری پی پی ایل بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ2018 جیت لی
بہاولپورنے دوسری پی پی ایل بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ2018 جیت لی
پشاور،یکم دسمبر2018 :بہاولپورکی ٹیم نے ارباب نیاز اسٹیڈیم، پشاور میں کھیلی جانے والی دوسری پی پی ایل بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ 2018 جیت لی۔اس چیمپئن شپ کا انعقاد پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) نے کیا تھا۔
پشاور نے بہاولپور کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19.4 اوور میں 205 رنز بنائے۔ جو اب میں بہاولپور کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.3 اوورز میں پورا کرلیا اس طرح میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
فاتح ٹیم کے کپتان محمد ظفر نے چمپئین شپ کی اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی،ایم پی اے، خیبر پختونخواہ، مدیحہ نثار سے ٹرافی وصول کی۔ پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سعیداللہ شاہ پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ، پی پی ایل اور پی بی سی سی کے عہدیداران، میڈیا اور کرکٹ کے شائقین اس موقع پر موجود تھے۔مدیحہ نثار نے بہاولپور کے محمد اعجازکو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام بھی دیا۔پی بی سی سی کی کیٹگریز B1،B2،B3 کے مطابق بہاولپور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کے بالترتیب ظفر اقبال، نثار علی اور ایوب خان کو ان کی غیر معمولی کار کردگی پر انعامات دئیے گئے۔
مدیحہ نثار نے پاکستان کے مختلف صلاحیتوں کے حامل نو جوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں پی پی ایل اور پی بی سی سی کے اقداما ت کو سراہا۔
سعید اللہ شاہ نے مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے پی پی ایل کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں تعاون کرنے پر پی بی سی سی
اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پی پی ایل کے کثیر الجحتی سی ایس آر پروگرام کے ذریعے ملک کی پسماندہ آبادیوں کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں، 30 نومبر کو اسی مقام پر دو سیمی فائنل پشاور بمقابلہ اسلام آباداور ایبٹ آباد بمقابلہ بہاولپور کھیلے گئے۔
27 نومبر سے شروع ہونے والی پانچ روزہ چمپئین شپ میں چھ ٹیموں، اسلام آباد، بہاولپور، اٹک، پشاور، گوجرانوالہ اور ایبٹ آبادنے حصہ لیا۔
پی پی ایل اکتوبر 2012 سے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے سالانہ تعاون کرتی رہی ہے بلکہ اسے 2017 میں اسلام آباد میں بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ کی مکمل اسپانسر شپ کرنے کااعزاز بھی حاصل ہے۔