ڈیڑھ لاکھ افراد کے لئے پی پی ایل کی کوویڈ-19 ویکسینیشن مہم
کراچی، 2 نومبر2021: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے اپنے کاروباری سماجی ذمہ داری پروگرام کے تحت اچھی شہرت کی حامل تین غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز)کے اشتراک سے ملک گیر سطح پر کوویڈ 19- ویکسینیشن مہم شروع کی ہے۔ یہ مہم پی پی ایل کی کاروباری فیلڈ ز کے گردونواح میں رہائش پذیر آبادیوں کے لئے شروع کی گئی اپنی کوششوں کو تقویت فراہم کرے گی۔ ان مہمات کے ذریعے 17 اضلاع میں 150,000 افرادکو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اب تک، اس مہم میں 40,000 سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔یہ اقدامات اہل افراد کو ویکسین لگانے کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں معاون ہوں گی۔
این جی اوز کے ذریعے موبائل ویکسینیشن ٹیموں کو استعمال کرتے ہوئے یہ ویکسینیشن مہم، سندھ کے جیکب آباد، شکارپور، تھر، بدین اور دادو اضلاع کے علاوہ کراچی، پنجاب کے ضلع چکوال، آزاد جموں وکشمیر میں مظفرآباد، خیبر پختونخواہ میں کوہاٹ اور گلگت،گلگت بلتستان میں جاری ہے۔
پی پی ایل کے کاروباری علاقوں کے اطراف میں موبائل میڈیکل ڈسپنسریوں اور موبائل ویکسینیشن ٹیموں کے ذریعے کمپنی کی اپنی ویکسینیشن مہم میں سوئی شہر، ضلع ڈیرہ بگٹی، بلوچستا ن، تحصیل گجرخان، ضلع راولپنڈی اور ضلع اٹک، پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ میں کشمور، سانگھڑ اور قمبر شہداد کوٹ کے علاوہ کراچی بھی شامل ہیں