پی پی ایل کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد
کراچی، 22 اگست 2022: ایک سر فہرست قومی دریافتی و پیداواری کمپنی کی حیثیت سے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ملک میں سیلاب کی ہنگامی صورتحال میں بلوچستان کی آفت ذدہ متاثرہ مقامی آبادیوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے ایک بار پھر قدم بڑھا دیا ہے۔
پی پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بلوچستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ مقامی آبادیوں کی بحالی کے لئے 25 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔ عطیہ کا چیک جی ایم سی ایس سید محمود الحسن نے 22 اگست کو کوئٹہ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان نصیر احمد ناصر کو پیش کیا۔
حالیہ بارش اور سیلاب نے سندھ کے کچھ حصوں کے علاوہ تقریبا پورے بلوچستان اور جنوبی پنجاب کو متاثر کیا ہے۔ اس سے انسانی جانوں کا بھی کافی ضیاع ہوا ہے اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں خاندانوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوگئی ہے۔ پی پی ایل کی مالی امداد کا مقصد متعلقہ مقامی شہری انتظامیہ کی مدد کرنا ہے جو شہریوں کو اس آفت میں امدادفراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
ایک قومی کمپنی کی حیثیت سے پی پی ایل ہنگامی حالات کے متاثرین کو فوری امداد، طبی سہولیات اور بحالی فراہم کرکے حکومت کی کوششوں میں معاونت کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ کمپنی نے 2005 اور 2013 کے زلزلوں اور سندھ اور بلوچستان میں 2010، 2011 اور 2012 کے دوران سیلاب ذدگان کے لئے فنڈز، طبی کیمپوں اور بحالی کی سہولیات کے ذریعے مقامی افراد اورعلاقے کی انتظامیہ کی دل کھول کر مدد کی تھی۔
ملک میں پسماندہ آبادی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے گزشتہ برسوں میں مستقل کوششوں کے نتیجے میں پی پی ایل کو عطیات کے حجم کے لحاظ سے سب سے زیادہ فیاض ادارہ تسلیم کرتے ہوئے پاکستان سینٹر برائے فیلنتھراپی نے بڑے قومی ادارے کے زمرے میں مسلسل 16 ویں سال کاروباری فیاضی ایوارڈسے نوازاہے۔