جائزہ
پاکستان پٹرولیئم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے سماجی ذمہ داری پروگرام (سی ایس آر) کی تاریخ 1950 کی دہائی میں سوئی میں پی پی ایل کے تجارتی بنیادوں پر کاروبار کے آغاز سے جا ملتی ہے جب کمپنی نے کارکنوں اور مقامی آبادی کے لیے بچوں کا ایک اسکول تعمیر کیا تھا۔ اس وقت سے سی ایس آر پروگرام پی پی ایل کی کاروباری اقدار کا مرکزی جز رہا ہے۔
2001 میں کمپنی کے سی ایس آر پروگرام کو جغرافیائی وسعت اور موضوعاتی تنوع دینے کے لئے پی پی ایل ویلفیئر ٹرسٹ (پی پی ایل ڈبلیو ٹی) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس وقت پی پی ایل کا سماجی بھلائی پروگرام ملک بھر ، بالخصوص جہاں کمپنی تیل وگیس کی تلاش و دریافت کا کام کرتی ہے کے اردگرد کے علاقوں، میں مقیم افراد کی تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، پسماندہ آبادیوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانےاور قدرتی آفات کے بعد بحالی کے اقدامات پر مبنی ہے۔
سی ایس آر منصوبوں کو ضروریات کا جائزہ لینے ، منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمدکے لئے مقامی شراکت داروں کی شمولیت کے ذریعے قابلِ عمل بنا یا جاتا ہے ۔ ان منصوبوں کے ذریعے خدمات/ نتائج کی فوری فراہمی، اثر انگیزی اور سماجی سرمایہ کاری کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات شراکت داروں،جن میں مقامی آبادیوں کے نمائندگان، مقامی حکومت اور غیر سرکاری انجمنیں شامل ہیں، کے ساتھ مشاورت اور باہمی رضامندی کے ذریعے کیے جاتے ہیں ۔
ملک کے انتہائی دور دراز اور مشکل گذار علاقوں میں سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کی خدمات فراہم کرنے والے اہم ترین اداروں میں سے ایک کی حیثیت سے پی پی ایل کو 2004سے 2017تک مسلسل 15 سال پاکستان سینٹر برائےفلینتھراپی کی جانب سے کارپوریٹ فلینتھراپی ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔